ہومپاکستانڈیموکریٹک الائنس کا بار کے وقار، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کیلئے ملک گیر جدوجہد شروع کرنے کا اعلان

ڈیموکریٹک الائنس کا بار کے وقار، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کیلئے ملک گیر جدوجہد شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد(سب نیوز)سربراہ ڈیموکریٹک الائنس، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عابد ساقی نے کہا ہے کہ بار کے وقار کی بحالی، عدلیہ کی آزادی اور آئین و قانون کی سربلندی کے لیے ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔

عابد ساقی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وکلا برادری آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بار کے اداروں کے وقار اور خودمختاری کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے ملک بھر کے وکلا کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیموکریٹک الائنس آئین و قانون کی عملداری، آزاد عدلیہ اور وکلا کے اداروں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔عابد ساقی نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز وکلا کے حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں، اس لیے بار کے وقار اور خودمختاری کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئین اور قانون کی سربلندی کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور ان کی عملداری کو یقینی بنانا ہر شہری اور بالخصوص وکلا برادری کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک الائنس کی جدو جہد کا بنیادی محور اداروں کا وقار، عدلیہ کی آزادی اور آئینی و قانونی بالادستی ہے، اس جدوجہد کے ذریعے ان اصولوں کے تحفظ کو اجاگر کیا جائے گا جن پر ایک منصفانہ قانونی اور جمہوری نظام کی بنیاد قائم ہوتی ہے۔سربراہ ڈیموکریٹک الائنس عابد ساقی کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری کے بغیر اداروں کا استحکام ممکن نہیں، اسی لیے ڈیموکریٹک الائنس ان مقاصد کے لیے اپنی آواز اور جدوجہد جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔