تحریر: محمد محسن اقبال
ہمارے ہاں نئے صوبوں کی بات موسمی بخار کی طرح ہے۔ ہر چند برس بعد چڑھتا ہے، کچھ دن محفلیں گرماتا ہے، ٹاک شوز کی رونق بڑھاتا ہے اور پھر فائلوں کے ڈھیر میں دب جاتا ہے۔ جوش بہت ہوتا ہے، مگر آئینی تقاضوں اور عملی پیچیدگیوں پر بات کرنے کی فرصت کسی کو نہیں ملتی۔ اب کے یہ قصہ ایسے وقت چھڑا ہے جب ریاست داخلی و خارجی محاذوں پر الجھی ہوئی ہے اور خطوں کے درمیان معاشی، انتظامی اور سماجی فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ جو بات کبھی محض سیاسی نعرہ تھی، آج آئینی اور ادارہ جاتی سوال بن کر کھڑی ہے۔
آبادی بڑھ رہی ہے، ضرورتیں پھیل رہی ہیں اور عوام کے مسائل دارالحکومتوں تک پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتے ہیں۔ ایسے میں یہ سوال بجا ہے کہ کیا موجودہ صوبائی ڈھانچہ قومی ضروریات کا بوجھ اٹھا پا رہا ہے؟ مگر جواب سے زیادہ اہم وہ راستہ ہے جس سے اس تک پہنچا جائے۔ سیاسی پنڈتوں اور آئینی ماہرین کے مطابق سیاسی مصلحت کی عجلت میں کی گئی اصلاح وفاق کو مضبوط کرنے کے بجائے اس کی بنیادوں میں دراڑ ڈال سکتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کئی مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ نئے صوبوں پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف بارہ صوبوں تک کے امکان کے حامی ہیں اور ان کا اصرار ہے کہ نئی اکائیاں نسلی، لسانی یا علاقائی بنیاد پر نہیں، انتظامی سہولت کی بنیاد پر بننی چاہییں۔ زیرِ غور تجاویز کے مطابق پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین اور سندھ کو دو حصوں میں بانٹنے کی بات ہو رہی ہے۔ پسِ منظر میں یہ احساس ہے کہ اتنے وسیع رقبے اور بڑی آبادی والے ملک کا موجودہ انتظامی بندوبست شاید بدلتے وقت کا ساتھ نہیں دے پا رہا۔
لیکن ریفرنڈم کوئی جادو کا چراغ نہیں کہ رگڑتے ہی سارے آئینی تقاضے ہوا ہو جائیں۔ اور ہماری اپنی تاریخ بھی ہمیں احتیاط کا درس دیتی ہے۔
جولائی 1947ء میں صوبہ سرحد، آج کے خیبر پختونخوا، کے عوام سے پوچھا گیا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کا حصہ بننا۔ تقریباً 99 فیصد ووٹ پاکستان کے حق میں پڑے، مگر ٹرن آؤٹ 51 فیصد کے قریب رہا، کیونکہ کانگریس اور خان عبدالغفار خان کی خدائی خدمت گار تحریک نے بائیکاٹ کر دیا تھا۔ اسی مہینے سلہٹ میں بھی رائے شماری ہوئی اور اکثریت نے مشرقی بنگال کو چنا، چنانچہ ریڈکلف ایوارڈ کے تحت ضلع کا بڑا حصہ پاکستان میں شامل ہو گیا۔
بعد کے ریفرنڈموں کا رنگ ہی بدل گیا۔ 1960ء میں صدر ایوب خان نے کوئی اسّی ہزار بنیادی جمہوریتوں کے ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیا۔ دسمبر 1984ء میں جنرل ضیاء الحق نے اسلامائزیشن کی توثیق کو اپنے مزید پانچ سالہ اقتدار سے جوڑ دیا۔ سرکاری طور پر 98.5 فیصد حمایت کا اعلان ہوا، مگر اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا اور ٹرن آؤٹ پر سوال اٹھے۔ اپریل 2002ء میں جنرل پرویز مشرف کے ریفرنڈم میں بھی تقریباً 98 فیصد حمایت کا دعویٰ ہوا، لیکن آزاد مبصرین بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے رہے۔
آئینی تاریخ بھی دلچسپ ہے۔ 1973ء کے اصل آئین میں ریفرنڈم کا کوئی طریقہ موجود نہ تھا۔ مئی 1977ء میں ساتویں ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 96 اے شامل ہوا، مگر وہ کبھی برتا ہی نہ گیا اور جولائی 1977ء کے بحران کے ساتھ رخصت ہو گیا۔ پھر 1985ء کے احیائے آئین کے حکم نامے نے آرٹیکل 48 میں شقیں (6) اور (7) جوڑ کر ریفرنڈم کو نسبتاً مستقل بنیاد دی اور اٹھارہویں ترمیم نے طریقۂ کار واضح کیا۔ اب وزیراعظم قومی اہمیت کا کوئی معاملہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں رکھ سکتے ہیں اور منظوری کے بعد عوام سے ہاں یا نہیں میں رائے لی جا سکتی ہے۔
مگر یہاں ایک نازک نکتہ ہے ۔ آرٹیکل 48 کا ریفرنڈم نئے صوبوں کی تشکیل کا براہِ راست نسخہ تصور نہیں ہوتا۔ صوبائی حدود بدلنے کے لیے آرٹیکل 239 کے تحت قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں میں کل ارکان کی دو تہائی اکثریت لازم ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر شق (4) کہتی ہے کہ حدود میں ردوبدل کی ترمیم اس وقت تک صدرِ مملکت کو منظوری کے لیے نہیں بھیجی جا سکتی جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی اپنے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت سے اس کی تائید نہ کر دے۔
یہ شرط محض قانونی موشگافی نہیں، وفاقی معاہدے کی روح ہے۔ مقصد یہ ہے کہ مرکز کسی صوبے کی حدود کو یک طرفہ طور پر نہ چھیڑ سکے۔ ریفرنڈم عوامی جذبات کا اندازہ دے سکتا ہے اور کسی تجویز کو سیاسی وزن بھی بخش سکتا ہے، لیکن بادی النظر میں آرٹیکل 239 کی مطلوبہ رضامندی کا متبادل نہیں بن سکتا۔ عوام کی بھاری اکثریت بھی کسی صوبائی اسمبلی کو اپنی سرزمین سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتی۔
موجودہ سیاسی اور پارلیمانی منظر نامے میں اس معاملے کو لیکر کہیں نہ کہیں اب بھی ابہام موجود ہیں۔ لہڈا پاکستانی سیاست میں ملوث متعلقہ جماعتوں کے تعاون کے بغیر بامعنی پیش رفت مشکل نظر آتی ہے۔ ریفرنڈم ہو بھی جائے تو پارلیمان کی مطلوبہ اکثریت اور خصوصاً سندھ اسمبلی کی منظوری کے بغیر وہ سیاسی تو ہو سکتا ہے، قانونی طور پر ادھورا رہے گا۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ نئے صوبوں کے حق میں دلائل کمزور ہیں۔ پنجاب کی غیر معمولی آبادی، بلوچستان کا وسیع رقبہ اور خطوں کی معاشی و انتظامی ناہمواری سنجیدہ غور کی متقاضی ہیں۔ چھوٹی اکائیاں حکومت کو عوام کے قریب لا سکتی ہیں اور ترقی کے ثمرات میں توازن پیدا کر سکتی ہیں۔ مگر ہر نئے صوبے کے ساتھ نئی اسمبلی، نیا سیکریٹریٹ اور نئے محکمے بھی آئیں گے، اور ان کا بوجھ اسی قومی خزانے پر پڑے گا جو پہلے ہی ہانپ رہا ہے۔ مالی وسائل اور انتظامی صلاحیت کا حساب لگائے بغیر قدم اٹھایا گیا تو بہتر طرزِ حکمرانی کا خواب مزید افسر شاہی اور سرکاری اخراجات میں ڈھل سکتا ہے، یعنی علاج کے نام پر مرض بڑھ جائے گا۔
ایک متبادل راہ بھی ہے جسے فی الحال ہم بھولے بیٹھے ہیں۔ آرٹیکل 140 اے منتخب بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کرنے کی آئینی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اگر مقامی حکومتوں کو سچ مچ بااختیار بنایا جائے تو صوبائی دارالحکومتوں سے دوری کی بہت سی شکایات خود بخود دور ہو سکتی ہیں، اور وہ بھی صوبائی حدود چھیڑے بغیر۔حقیقت تو یہ ہے کہ جو اختیار آئین پہلے سے ہمارے ہاتھ میں رکھ چکا ہے، اسے برتنے کے بجائے نئی لکیریں کھینچنے کے شوق میں مبتلا ہیں۔ نئے صوبے مستقبل کی ضرورت بن سکتے ہیں، مگر فیصلہ وقتی مفاد کے بجائے قومی اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔ اس کے لیے آبادی، وسائل، انتظامی استعداد اور معاشی پائیداری پر شفاف اور غیر جانب دار مطالعات درکار ہیں، اور موجودہ صوبوں کے آئینی حقوق اور تاریخی تشخص کی ضمانت بھی ناگزیر ہے۔
آخر میں سوال یہ نہیں کہ پاکستان میں کتنے صوبے ہوں، سوال یہ ہے کہ اس مجوزہ انتطامی تبدیلی کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم آئینی حدود کی کس قدر پاسداری کرتےہیں۔ ریفرنڈم رائے کا پیمانہ تو بن سکتا ہے، مگر پارلیمان کی آئینی ذمہ داری اور صوبائی اسمبلی کی رضامندی کی جگہ نہیں لے سکتا۔ وفاق کی طاقت اکائیوں کی گنتی میں نہیں، اس اعتماد میں ہے جو انہیں ایک دوسرے سے باندھے رکھتا ہے۔ علامہ اقبال کے فکرِ ملت کا سبق بھی یہی ہے کہ اجزا کی کثرت نہیں، ان کی ہم آہنگی قوم کو قوم بناتی ہے۔ اگر نئے صوبے ناگزیر ٹھہریں تو راستہ مکالمے، اتفاقِ رائے، آئینی پاسداری اور سیاسی تدبر کی گلی سے گزرنا چاہیے، کیونکہ مضبوط وفاق وہی ہے جس میں ہر اکائی خود کو محفوظ، بااختیار اور باعزت محسوس کرے۔
نئے صوبے: نعرہ، ریفرنڈم اور آئین کی کسوٹی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
