حال ہی میں ریمبو کا ایک انٹرویو وائرل ہوا جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی نظر آئے
لاہور: جان ریمبو کے نام سے مشہور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔اداکار نے اپنے مقبول ڈرامے ’گیسٹ ہاؤس‘ سے شہرت حاصل کی جبکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی منفرد اداکاری کے باعث خاص پہچان بنائی۔ان کی مشہور فلموں میں چور مچائے شور، منڈا بگڑا جائے اور ہاتھی میرا ساتھی شامل ہیں۔حال ہی میں افضل خان کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی نظر آئے اور نوجوانوں کو والدین کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دے رہے تھے۔تاہم بعض سوشل میڈیا پیجز نے ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے۔اس پر جان ریمبو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے احسن اور زین انتہائی فرمانبردار اور بہترین بچے ہیں۔ انہیں اپنے بیٹوں پر فخر ہے اور وہ ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط خبروں سے دکھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پرانے انٹرویو میں وہ صرف اپنے والد کے ساتھ وقت گزارنے کے تجربے کی بنیاد پر نوجوان نسل کو نصیحت کر رہے تھے۔دوسری جانب مداحوں کا کہنا ہے کہ افضل خان کو اپنے بیٹوں کے حوالے سے وضاحت دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ لوگ ان کے بچوں کی اچھی تربیت سے پہلے ہی واقف ہیں۔
جان ریمبو نے بیٹوں سے متعلق وائرل بیان پر وضاحت پیش کردی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
