اسلام آباد(سب نیوز)پیرس، یورپ اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو)پر تاریخی دستخط کر دیے گئے ہیں۔پاکستان بزنس فورم یورپ کے پیرس ہیڈ آفس میں منعقدہ اس باوقار تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کے وفاقی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری احسان الحق باجوہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
معاہدے پر پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس کی جانب سے صدر نوید انور اور نائب صدر عامر حنیف، جبکہ پاکستان بزنس فورم یورپ کی جانب سے چیئرمین سردار ظہور اقبال، بانی حاجی اسلم چوہدری اور نائب صدر حمزہ تاج سکھیرہ نے دستخط کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی چوہدری احسان الحق باجوہ نے دونوں اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ اور دنیا بھر میں وطن کے مستقل سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی تاجروں اور کاروباری اداروں کے درمیان ایسا اشتراکِ عمل وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے امریکہ اور یورپ میں مقیم پاکستانی نژاد تاجروں کے روابط مضبوط ہوں گے اور قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔
پاکستان امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ اس معاہدے کی بدولت امریکہ اور یورپ میں مقیم تاجروں کو نئی منڈیوں کی تلاش میں مدد ملے گی اور وہ ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے پاکستان بزنس فورم یورپ کے وفد کو شکاگو کے دورے کی دعوت بھی دی۔پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر معاشی فروغ اور کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع کی فراہمی کے سلسلے میں یہ باہمی تعاون ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔تقریب میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے عہدیداروں، معروف کاروباری شخصیات اور پاکستانی برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس اقدام کو اوورسیز تاجر برادری کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
شکاگو چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس فورم یورپ کے درمیان تاریخی معاہدہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
