ہومبریکنگ نیوزغزہ ،بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید

غزہ ،بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید

یروشلم (آئی پی ایس )غزہ میں شدید بارشوں کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 بچوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی شب وسطی غزہ بے گھر خاندانوں کے لیے قائم ایک کیمپ میں پیش آیا، شہید ہونے والوں میں 2 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ واقعے کے بعد 5 زخمیوں کو بھی ملبے سے نکالا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی لوگ اور امدادی کارکن موبائل فون کی ٹارچز کی روشنی میں چٹانوں، ریت اور گرے ہوئے خیموں کے نیچے دبے زندہ بچ جانے والے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے اس حادثے کو ایک انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیمیں بے گھر افراد کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے اور ان کے خیموں کو ریتلے علاقوں، ڈھلوانوں اور مٹی کھسکنے کے خطرے والے مقامات سے دور منتقل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں غزہ بھر میں ہزاروں خیمے زیرِ آب آگئے تھے۔ غزہ کے شہری دفاع کے مطابق بعض مقامات پر پانی کی سطح تقریبا 5 فٹ تک پہنچ گئی تھی اور ان کے امدادی کارکن موصول ہونے والی 2100 ہنگامی کالز میں سے صرف 10 فیصد پر ہی رسپانس دے سکے۔محکمہ شہری دفاع نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بے گھر افراد کی جانوں کا تحفظ ایک فوری انسانی ذمہ داری ہے۔ ان کے خیموں کو ریت اور بارش کے پانی کے نیچے موت کے پھندے نہیں بننا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔