ہومتازہ ترینایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کی کارروائی: جعلی این جی او / کاپ 31 ویزے پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ، ایجنٹ کی جانب سے رشوت دینے کی کوشش بھی بے نقاب

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کی کارروائی: جعلی این جی او / کاپ 31 ویزے پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ، ایجنٹ کی جانب سے رشوت دینے کی کوشش بھی بے نقاب

اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے پرواز نمبر QR-615 کے ذریعے ترکیہ روانہ ہونے والے ایک مسافر کو مشکوک سفری دستاویزات اور ویزے کے غلط استعمال کے شبہے میں آف لوڈ کر دیا۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایف آئی اے افسر نے پیشہ ورانہ مہارت اور مسافر کی پروفائلنگ کی بنیاد پر سفری دستاویزات اور سفر کے مقصد میں تضادات کی نشاندہی کی۔ مسافر ترکیہ جانے کا تسلی بخش جواز پیش کرنے میں ناکام رہا، جس پر ایف آئی اے افسر نے اسے مزید جانچ پڑتال کے لیے سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے ریفر کر دیا۔

سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران سیکنڈ لائن امیگریشن افسر نے مسافر کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کی تفصیلی جانچ پڑتال کی۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے ایک ایجنٹ سے 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے عوض این جی او / کاپ 31 ویزا حاصل کیا تھا۔ ایجنٹ نے مسافر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ مذکورہ ویزے پر ترکیہ میں ملازمت بھی کی جا سکتی ہے، حالانکہ یہ ویزے کی شرائط کے منافی ہے۔

مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مسافر HOPE این جی او کا رکن بھی نہیں تھا۔ واٹس ایپ چیٹس اور موبائل ڈیٹا کے تجزیے سے ایجنٹ کے ساتھ مسافر کے روابط اور ویزے کے مبینہ غلط استعمال کے منصوبے سے متعلق اہم شواہد سامنے آئے۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایجنٹ نے مسافر کو ایف آئی اے افسران کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے بطور رشوت دینے کی ہدایت کی تھی تاکہ امیگریشن کلیئرنس حاصل کی جا سکے۔ اس طرح سرکاری افسران کو رشوت دینے اور قانونی کارروائی پر اثرانداز ہونے کی کوشش بھی سامنے آئی۔

مسافر کو پرواز سے آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون جعلی ویزوں، غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے صرف مستند ذرائع سے ویزے حاصل کریں اور غیر قانونی ایجنٹوں کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔