اسلام آباد / جنیوا:وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ 30 ویں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہو گئے۔یہ کانفرنس ورلڈ ایسوسی ایشن آف انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسیزکے زیر اہتمام 10 سے 12 نومبر 2026 تک سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں منعقد کی جا رہی ہے۔ اس سال کانفرنس کا موضوع پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
قیصر احمد شیخ اس اہم ترین عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں وہ بطور مقرر پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، سازگار کاروباری ماحول اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی معاشی اصلاحات کو تفصیل سے اجاگر کریں گے۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر مختلف ممالک کے ہم منصب وزراء، عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور ممتاز ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ایگزیکٹوز سے بھی سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ل کو متحرک کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح معاشی استحکام اور کاروباری عمل کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنیوا سمٹ کے دوران وہ خصوصی طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور صنعت و مینوفیکچرنگ کے ترجیحی شعبوں میں دستیاب پرکشش مراعات کو دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ون ونڈو سہولت کاری اور پالیسی تسلسل کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے اور کانفرنس میں عالمی شراکت داروں کو پاکستان کے ترقیاتی سفر میں فعال کردار ادا کرنے کی باضابطہ دعوت دی جائے گی۔
