استنبول (سب نیوز)وزیر تجارت جام کمال خان نے ترکیہ میں سعودی عرب، مصر اور تیونس کے اعلی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، یہ ملاقاتیں اسلامی تعاون تنظیم کی اقتصادی و تجارتی کمیٹی کومسیک کے 42ویں اجلاس کے موقع پر ہوئیں ۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سعودی عرب کے ڈپٹی گورنر برائے بین الاقوامی تنظیموں و معاہدات فرید ایس العسالی سے ملاقات کی جس دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زراعت، صنعت، لائیو اسٹاک اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وفاقی وزیر نے پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبوں کی تجویز دی اور کہاکہ پاکستانی اور سعودی کمپنیاں افریقی منڈیوں میں مشترکہ تجارتی مواقع تلاش کریں، وفاقی وزیر تجارت نے سعودی وفد کو پاکستان میں آئندہ فوڈ ایگ نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔
اس کے علاوہ جام کمال خان نے مصر کے وزیر سرمایہ کاری و بیرونی تجارت محمد فرید صالح سے بھی ملاقات کی جس دوران پاکستان اور مصر کے درمیان ٹیکسٹائل، کپاس، صنعت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا،مصری وزیر کاکہناتھاکہ مصر میں صنعتی یونٹس قائم کرکے امریکی منڈی تک رسائی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور آئندہ بزنس فورم میں شریک پاکستانی کمپنیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست دی ۔ مصری وزیر نے پاکستانی طلبہ کے لیے طب، انجینئرنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعلیمی مواقع بھی اجاگر کیے ، جام کمال کا کہناتھاکہ پاکستان اور مصر کی نجی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔
اسی طرح وفاقی وزیر تجارت نے تیونس کے وزیر تجارت و برآمدی ترقی سمیر عابد سے بھی سائیڈ لائیںن ملاقات کی جس دوران پاکستان اور تیونس کا دوطرفہ تجارت کو حقیقی صلاحیت کے مطابق بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا ہے ، یہ بھی اتفاق کیاگیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم دستیاب مواقع کے مقابلے میں بہت کم ہے، پاکستان اور تیونس کے درمیان زراعت، معدنیات، ٹیکسٹائل، آٹو پارٹس اور مینوفیکچرنگ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جام کمال کاکہناتھاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھا کر پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں، پاکستان نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر تجارت جام کمال خان کی ترکیہ میں سعودی عرب، مصر اور تیونس کے اعلی حکام سے الگ الگ ملاقاتیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
