اسلام آباد (سب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں پولنگ کے لیے آئندہ برس 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے رواں برس اپریل میں فیصلہ کیا تھا کہ صوبے میں ماہ ستمبر میں بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں گے۔ جولائی میں حکومت پنجاب نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
بعدازاں اکتوبر میں الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کیا جس کے مطابق انتخابات کے لیے پولنگ 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔ تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی گئی۔آج اسی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل کمیشن پیش ہوئے۔دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا تھا، پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے وضاحت پیش کی کہ ہماری بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، درخواست ہے کہ انتخابات کیلئے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے کیونکہ ہمیں الیکشن تیاری کے لیے 2 ماہ چاہئیں۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ پنجاب اور لاہور میں دسمبر میں بہت دھند ہوتی ہے، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، اسٹاف کے لیے انتظامات کے حوالے سے دسمبر بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔الیکشن کمیشن کے ممبر نے کہا کہ آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے جس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ ہم نے دوبارہ سوچا کہ جنوری اور فروری میں انتخابات پر ہمیں اعتراض نہیں ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اپریل میں ہمیں الیکشن سوٹ کرتا تھا کیونکہ اپریل میں اسکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں، سردی میں دن بھی بہت چھوٹا اور ووٹر نہیں نکلتا، اپریل میں روشنی کا پورا دن ملتا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی وضاحت پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں لیکن ہم 20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے اور اس کے بعد ہی الیکشن تاریخ کا اعلان کر دیں گے۔
الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکم ،پہلے مرحلے میں پولنگ کیلئے7فروری کی تاریخ مقرر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
