اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پلاٹ فائلوں کی تصدیق کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے غیر ضروری تاخیر روکنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت پلاٹ فائلوں کی اصلیت کی تصدیق اب ڈائریکٹر جنرل لینڈ اینڈ اسٹیٹ کی پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی، جبکہ ٹھوس وجوہات کے بغیر پلاٹ فائلوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے محمد زمان وٹو نے متعلقہ افسران کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے پلاٹ فائلوں کی تصدیق اور دیگر امور کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہدایت نامے کے مطابق این او سی (NDC) کے اجرا سے متعلق درخواستوں کو مقررہ مدت میں نمٹایا جائے گا، جبکہ سی ڈی اے کے کسی بھی ڈیسک پر کوئی فائل تین دن سے زیادہ زیر التوا نہیں رکھی جا سکے گی۔
ممبر اسٹیٹ نے ڈائریکٹر جنرل لینڈ اینڈ اسٹیٹ کو تمام مراحل کی مدت مقرر کرکے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سی ڈی اے کے ان اقدامات کا مقصد غیر ضروری تصدیقی عمل کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ، پلاٹ فائلوں کے معاملات میں تاخیر کی روک تھام اور متعلقہ درخواستوں کو بروقت نمٹانا ہے۔

