کراچی :امریکی انتخابات کے نتائج کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں دلچسپی کے باعث مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے اور دو روز کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 8 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 4 ہزار 361 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 76 ہزار 375 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر حصص کی خرید و فروخت کا بڑا حصہ بینک آف پنجاب، کے الیکٹرک، سینرجی، میپل لیف، پاک الیکٹرون اور فوجی سیمنٹ کے حصے میں آیا جنہوں نے ٹریڈ والیم بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاک انجینئرنگ ، گندھارا انڈسٹری، پریمیئم ٹیکسٹائل، سازگار، ایبٹ لیبارٹریز، پاکستان ٹوبیکو، میزان بینک اور گندھارا آٹو موبائلز کے شیئرز کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ابتدائی سیشن کے دوران نیسلے، سیفائر ٹیکسٹائل، تاندلیانوالہ شوگر، شاہ تاج شوگر، فتح اسپورٹس اور رفحان جیسی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں سب سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی۔
دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 276 روپے 68 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 2 روز کے دوران 8 ہزار پوائنٹس کا اضافہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
