ہومبریکنگ نیوزسابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے

سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کی شاندار عسکری خدمات، قیادت اور پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر و استقامت دے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
انہوں نے جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
جنرل(ر) عبدالوحید کاکڑ کون تھے؟
جنرل(ر) عبدالوحید کاکڑ نے 18 اکتوبر 1959 کو پاکستان آرمی کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر کمیشن حاصل کیا۔ ان کا تعلق 20ویں پاکستان ملٹری اکیڈمی لانگ کورس سے تھا۔ جنرل وحید کاکڑ 12 جنوری 1993 تا 12 جنوری 1996 پاکستان کے گیارہویں آرمی چیف رہے۔
جنرل کاکڑ نے ابتدائی تعلیم پشاور سے حاصل کی اور بعد میں ایڈورڈز کالج پشاور سے تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے فوج میں شمولیت اختیار کی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فوجی تربیت حاصل کی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول: فوجی تربیت حاصل کی اور 20ویں لانگ کورس کے ذریعے فوج میں کمیشن حاصل کیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، کینیڈا: جنگی حکمت عملی، فوجی منصوبہ بندی اور کمان سے متعلق اعلیٰ تربیت حاصل کی۔ بعض سوانحی حوالوں کے مطابق وہ امتحانات میں اول رہے۔
نیشنل ڈیفنس کالج، راولپنڈی: اعلیٰ فوجی قیادت، دفاعی منصوبہ بندی اور قومی سلامتی سے متعلق تعلیم حاصل کی۔1987 سے 1989 کے دوران جنرل کاکڑ نے آرمی جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کی ذمہ داریاں ادا کیں۔جنرل کاکڑ نے سیالکوٹ کے چونڈہ محاذ پر فرنٹیئر فورس کے ایک یونٹ کے ساتھ بھی خدمات انجام دیں۔
1971 کی پاک بھارت جنگ
اس وقت میجر کے عہدے پر فائز جنرل کاکڑ سلیمانکی سیکٹر میں ایک آزاد انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر تھے۔ اس ذمہ داری میں بریگیڈ کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور کمانڈ اسٹاف کی معاونت شامل تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔