اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی نئی جیل تقریبا مکمل ہو چکی ہے، آئندہ چند دنوں میں افتتاح سے پہلے صحافیوں کو جیل کا دورہ کرایا جائے گا۔ اسلام آباد کے تمام قیدی اس وقت اڈیالہ جیل میں موجود ہیں، جنہیں نئی جیل میں منتقل کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نئی جیل کی تعمیر کا منصوبہ گزشتہ 17 سال سے زیر التوا تھا، جسے مکمل کرانے کا سہرا وزیراعظم اور متعلقہ حکام کو جاتا ہے۔ سی ڈی اے نے 6 ماہ کام کیا اور اب منصوبہ تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو تفریحی شہر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے سب کے لیے یکساں پالیسی ہونی چاہیے۔ سرکاری زمین پر قبضے اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے یا تجاوزات قائم کی ہیں تو انہیں ختم کرنے میں کیا غلط ہے؟ جی سکس میں سرکاری زمین پر قائم عمارتوں اور قبضوں کو ختم کرایا گیا ہے۔ سرکاری زمین پر قبضے کا مہنگائی سے متاثرہ غریب عوام کی مشکلات سے کیا تعلق ہے؟
محسن نقوی نے کہا کہ دکانوں کے کرایوں کے حوالے سے بھی یکساں پالیسی ہونی چاہیے۔ ایف سکس میں کسی عمارت کا کرایہ 25 لاکھ روپے ہو اور کسی دوسرے علاقے میں بھی اتنا ہی کرایہ وصول کیا جائے تو اس فرق کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ایف 9 پارک کی تعمیر نو کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد اب بھی جنگل کی طرح ہے اور پارک کا 400 ایکڑ حصہ ایسا ہے جو استعمال نہیں ہو رہا۔ ہم اس پارک کو لندن کے مشہور ہائیڈ پارک کی طرز پر بنانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایف 9 پارک کی طرز پر 1 سے 2 مزید بڑے پارک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پہلے سے موجود پارکوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ نئے پارک بنانے کے ساتھ پرانے پارکوں کی حالت خراب نہ ہو۔ اسلام آباد کو پلاسٹک اور ماحول کو نقصان پہنچانے والی دیگر اشیا سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ یہ کہنا بہت آسان ہے کہ درخت کاٹے جا رہے ہیں، لیکن ریکارڈ سے ثابت ہوگا کہ درختوں کی تعداد بڑھی ہے یا کم ہوئی ہے۔ اب ایسی ٹیکنالوجی بھی موجود ہے جس کے ذریعے درختوں کو ایک جگہ سے نکال کر دوسری جگہ لگایا جا سکتا ہے۔نوجوانوں کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم خود نوجوانوں کے لیے مختلف اقدامات کی قیادت کر رہے ہیں، جن میں وظائف، لیپ ٹاپ اور قرضوں کی فراہمی شامل ہے، تاہم حکومت کو نوجوانوں کے لیے مزید بہت کچھ کرنا ہے۔ نئے منصوبوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس کا فائدہ روزگار کے متلاشی افراد کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی منصوبے کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس وقت کیمروں کی تنصیب سیکیورٹی اور گاڑیوں کی شناخت کے لیے کی جا رہی ہے۔ اگر سیف سٹی منصوبہ مکمل ہوگیا تو اس کے فوائد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔لائبہ کے واقعے سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور وہ اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی، تاہم ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بہت سی چیزوں کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سربراہ ان کے پرانے باس ہیں، وہ جو فیصلہ کریں گے، اسی کے مطابق عمل ہوگا۔
اسلام آباد ماڈل جیل جلد مکمل ہوگی، اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو شفٹ کریں گے، محسن نقوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
