ہومپاکستانپاکستان اور مالدیپ کا انسانی اسمگلنگ سمیت منظم جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ کا انسانی اسمگلنگ سمیت منظم جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان اور مالدیپ نے غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کی روک تھام سمیت داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی روابط بڑھانے، سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے اور متعلقہ شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوست ممالک کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان مالدیپ کے ساتھ داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ جیسے مشترکہ چیلنجز سے مثر انداز میں نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان باہمی تعاون کے ذریعے ان مسائل کے حل کے لیے مالدیپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔مالدیپ کے وزیر داخلہ علی احسان نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے درپیش چیلنجز کا موثر مقابلہ کر سکتے ہیں، انہوں نے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے تعاون اور روابط کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ محمد شعیب اکبر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔