اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)نے اسلام آباد کی کاروباری برادری کو فریض حج کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے ذریعے 100عازمینِ حج کا کوٹہ مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اس تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ اسے آئندہ حج سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔
یہ تجویز انہوں نے منگل کے روز آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر پیش کی، جہاں وہ چیمبر کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد دینے آئے تھے۔اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت حج 2027 کے لیے جامع انتظامات کر رہی ہے اور پاکستانی عازمینِ حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ آئندہ تین برسوں کے لیے تقریبا 4 لاکھ 50 ہزار عازمینِ حج اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ سالانہ حج کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار ہے۔ ان کے مطابق عازمین کا انتخاب پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور ملکی معاشی ترقی کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کی قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل اجاگر کرنے اور حکومت و متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری رابطوں کے ذریعے معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے چیمبر کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔
رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان اور بریگیڈیئر(ر)شہزاد اعوان بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے وفاقی وزیر کو چیمبر کے آئندہ اقدامات سے آگاہ کیا، جن کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح میں معاشی خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی معاونت، معاشی ترقی اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے چیمبر کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے وزیر کو یہ بھی بتایا کہ آئی سی سی آئی جلد ایک شاندار محفلِ نعت کا اہتمام کرے گا اور انہیں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے وفاقی وزیر کو چیمبر کے کام کے طریق کار، اہم سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر کے ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
