ہومپاکستاندہشتگردوں کو بھتہ اور حکومتی فنڈز دے کر پی ٹی آئی حکومت منفی کردار ادا کر رہی تھی، خواجہ آصف

دہشتگردوں کو بھتہ اور حکومتی فنڈز دے کر پی ٹی آئی حکومت منفی کردار ادا کر رہی تھی، خواجہ آصف

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بالکل تعاون نہیں کر رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ صوبے میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ پی ٹی آئی حکومت دہشتگردوں کو بھتہ اور حکومتی فنڈز سے پیسے دے کر منفی کردار ادا کر رہی تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا علم ہوتا تھا، اس کے باوجود دہشتگردوں کا قلع قمع نہیں کیا جاتا تھا۔ گزشتہ 4 سے 5 سال کے دوران خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فعال نہیں تھی، جس کی وجہ سے صوبے میں دہشتگردی میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔وزیر دفاع نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کے گزشتہ 3 سال کے دوران 2900 شہادتیں ہوئیں، جبکہ سہیل آفریدی کے ڈیڑھ سالہ دور میں 3900 شہادتیں ہوئی ہیں۔ ان کے بقول، ان اعداد و شمار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی کا کیا کردار رہا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب خیبرپختونخوا حکومت اور وفاق ایک پیج پر ہیں، دونوں کا ایک ہی مقصد ہوگا کہ صوبے کو دہشتگردی سے نجات دلائی جائے۔ ملک اور صوبے میں امن کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا رخ کسی اور طرف تھا، جبکہ وفاقی حکومت کا مطمح نظر کچھ اور تھا، جس کی وجہ سے صوبے کے حالات بہت خراب تھے۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی ایک شخص کی سیاست کر رہی تھی اور اس کی سیاست اول و آخر ایک ہی شخص کے گرد گھومتی تھی۔وزیر دفاع نے کہا کہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور دہشتگردی کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔