ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری کو سعودی عرب کے نامزد سفیر نے اپنی اسناد سفارت پیش کردیں

صدر مملکت آصف علی زرداری کو سعودی عرب کے نامزد سفیر نے اپنی اسناد سفارت پیش کردیں

اسلام آباد(سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری کو ایوان صدر میں سعودی عرب کے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے اپنی اسناد سفارت پیش کر دیں ۔بدھ کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سعودی سفیر کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے سفارتی فرائض میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے اپنے ملک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں کردار ادا کریں گے۔ سعودی عرب کے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی سے ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی سٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا اور سعودی مملکت کی سلامتی اور دفاع کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مکہ اتحاد برائے دفاع اور دوطرفہ تعاون کی بنیاد بنانے والے ادارہ جاتی طریقہ کار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے معاشی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، سعودی عرب کی مالی معاونت اور تیل کی فراہمی میں تعاون کو سراہا اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سفیر کی مدت ملازمت میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔