ہومپاکستانصدرِ مملکت آصف علی زرداری سے فرانس کے نامزد سفیر کی ملاقات، سفارتی اسناد پیش

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے فرانس کے نامزد سفیر کی ملاقات، سفارتی اسناد پیش

اسلام آباد(سب نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کے روز ایوانِ صدر اسلام آباد میں فرانس کے نامزد سفیر ژاں نوئل پواریے سے سفارتی اسناد وصول کیں۔
صدرِ مملکت نے فرانس کے نامزد سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور فرانس کے دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مذاکرات، اعلی سطحی تبادلوں اور مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔صدرِ مملکت نے کثیرالجہتی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان آزادانہ اور باہمی احترام پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی روابط، تعلیم، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کی نشاندہی بھی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فرانس کے نئے سفیر کی تعیناتی سے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔