ہومپاکستانگورنر خیبرپختونخوا کا پولیس شہدا اور زخمی اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا کا پولیس شہدا اور زخمی اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان

پشاور (سب نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہدا کے معاوضے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے اور زخمی پولیس اہلکاروں کی مالی امداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں پولیس شہدا کے اہلخانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس شہدا اور ان کے اہلخانہ ہمارا اپنا خاندان ہیں۔ ان کی قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں، تاہم ان کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ صوبے کے عوام نے بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا ہے۔ دہشتگردی کسی ایک سیاسی جماعت، حکومت یا ادارے کا مسئلہ نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے سنجیدہ اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
گورنر نے شدید نوعیت کے زخمی پولیس اہلکاروں کی مالی امداد ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے شہدا کے بچوں کے لیے عہدے کے مطابق مالی معاونت اور پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کا ذکر بھی کیا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے شہدا کے خاندانوں کو 5 مرلہ گھر کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے نقد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی کے خاندانوں کے لیے 10 مرلہ گھر سے متعلق مالی معاونت کا بھی ذکر کیا گیا۔گورنر نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں مزید اضافے اور پولیس کو جدید اسلحے اور ضروری وسائل سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پولیس کو گاڑیاں فراہم کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات صرف آغاز ہیں۔انہوں نے شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں معاونت کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔