ہومپاکستانقومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی

اسلام آباد (سب نیوز)قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی صدر مملکت کے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے قرارداد ایوان میں پیش کی، جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
ایوان بالا میں قرارداد کی منظوری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے ڈائس کے سامنے قرارداد کی کاپی پھاڑ دی، ایوان بالا مچھلی منڈی بن گیا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پی ٹی آئی ارکان ایوان سے واک آوٹ کرگئے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں ایمرجنسی نافذ سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی جب کہ اپوزیشن نے ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کی تھی۔
دونوں ایوانوں میں قرارداد کی منظوری سے قبل بحث کرائی گئی، جس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بھرپور حصہ لیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ایک بار پھر ہمیں مذاکرات کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ کوئی درمیانی راستہ نکل سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔