اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق حکومتی قرار داد کے حق میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ارکان کو خیبرپختونخوا کی موجودہ صورت حال اور وفاقی حکومت کے مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور ارکان کو قومی اسمبلی میں نئی قانون سازی سے متعلق بھی اعتماد میں لیا گیا۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پراعتماد میں لیا جب کہ کمیٹی کو اس معاملے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے پیش کی جانے والی قرارداد اور مختلف بلوں پر ووٹ دے گی۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کی توثیق کے لیے کل قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال، خیبرپختونخوا کے حالات اور وفاقی حکومت کے آئندہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی میں گورنر راج کی حکومتی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
