ہومبریکنگ نیوزحج پر بعض صحافی 5 سے زائد مرتبہ کیسے گئے؟ قائمہ کمیٹی میں انکشاف

حج پر بعض صحافی 5 سے زائد مرتبہ کیسے گئے؟ قائمہ کمیٹی میں انکشاف

اسلام آباد(آئی پی ایس ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی حج کی تبدیلی، حج پالیسی، میڈیا نمائندوں کو حج پر بھجوانے اور زیارات پالیسی سے متعلق اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ کمیٹی نے ڈی جی حج سے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی تبدیلی کا معاملہ دوبارہ اٹھا دیا۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر اعجاز الحق کی زیر صدارت ہوا، جس میں کمیٹی ارکان نعیمہ کشور، شگفتہ جمانی اور احمد سلیم صدیقی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار مرزا سمیت وزارت کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جبکہ کمیٹی کو حج پالیسی 2027 سے 2030 تک کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی حج کا معاملہ ایک مرتبہ پھر زیر بحث آیا۔ کمیٹی ارکان نے سوال اٹھایا کہ ڈی جی حج کو اب تک کیوں نہیں ہٹایا جارہا؟ اس موقع پر کمیٹی نے ڈی جی حج سے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ لینے سے بھی انکار کردیا۔

سیکرٹری مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ نئے ڈی جی حج کی تعیناتی کا معاملہ زیر غور ہے، تاہم کسی شخصیت کے تبدیل ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔اجلاس میں حج کے دوران مختلف افراد کو نوازنے کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ کمیٹی رکن شگفتہ جمانی نے استفسار کیا کہ بتایا جائے حج میں لوگوں کو کس طرح نوازا جاتا ہے؟ سیکرٹری مذہبی امور نے جواب دیا کہ کسی کو نہیں نوازا جاتا، تاہم اگر اس حوالے سے کوئی اطلاعات موجود ہیں تو وزارت کو آگاہ کیا جائے، متعلقہ معاملے پر کارروائی کی جائے گی۔

شگفتہ جمانی نے تجویز دی کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو حج پر لے جایا جائے تاکہ وہ خود دیکھ سکیں کہ وزارت مذہبی امور کی کارکردگی کیسی ہے۔ اس پر سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا کہ وزارت اطلاعات کے ذریعے 5 میڈیا پرسنز کو حج پر بھجوایا جاتا ہے۔شگفتہ جمانی نے اس اطلاع پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات پہلی مرتبہ سامنے آئی ہے۔

مذہبی امور کی کوریج کرنے والے صحافی ہی وزارت کی کارکردگی اور حج انتظامات سے متعلق اصل حقائق سامنے لاسکتے ہیں۔ سیکرٹری مذہبی امور نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی کو اس حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی، جن میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ کون سا میڈیا نمائندہ کب حج پر گیا۔کنوینئر کمیٹی اعجاز الحق نے کہا کہ بعض میڈیا پرسنز 5 مرتبہ سے بھی زیادہ حج پر جاچکے ہیں۔

انہوں نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بھی جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا معاملہ چل رہا ہے۔ اجلاس میں سابق صدر جنرل ضیا الحق کے دور میں کم آمدن والے افراد کے لیے قائم کیے گئے حج فنڈ کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ اس فنڈ سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کی جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔