اسلام آباد، 8 اکتوبر: پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے دفاعی اتاشی کرنل کم جن وو کے ہمراہ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان اور دیگر محققین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی سرگرمیوں اور پاکستان و کوریا کے تحقیقی اداروں کے درمیان روابط اور تبادلوں کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی کے رجحانات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ فریقین نے علمی اور پالیسی سطح پر باہمی روابط و تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا۔
دونوں جانب سے تحقیقی اداروں کے درمیان مسلسل رابطوں اور تجربات کے تبادلے کو پاک کوریا تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
