ہومتازہ ترینسی ڈی اے نے 4دہائیوں بعد ای 12میں ایک ہزار کنال سے زائد اراضی واگزار کرا لی

سی ڈی اے نے 4دہائیوں بعد ای 12میں ایک ہزار کنال سے زائد اراضی واگزار کرا لی

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اسلام آباد کے سیکٹر ای 12میں چار دہائیوں سے زائد عرصے بعد ایک ہزار کنال سے زائد اربوں روپے مالیت کی قیمتی اراضی واگزار کرا لی ہے، اس تاریخی پیش رفت سے سیکٹر ای 12کی طویل عرصے سے زیرِ التوا ترقیاتی کام اب تیز ی سے جاری ہیں۔ یہ اہم کامیابی وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی متحرک قیادت اور چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی موثر اور قابلِ قدر نگرانی میں حاصل کی گئی۔ اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی اراضی کی واگزاری سی ڈی اے کے تمام ونگز ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ،ایم سی آئی، اسلام آباد کی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی مربوط اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے سی ڈی اے کے تمام ممبران، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسلام آباد پولیس اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ قریبی تعاون اور رابطے کے ذریعے اس کارروائی کو کامیاب بنایا۔

سی ڈی اے کے اسٹیٹ، پلاننگ، بلڈنگ، انوائرمنٹ، ایڈمنسٹریشن اور فنانس ونگز ، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ ،ایم سی آئی اور انفورسمنٹ ٹیموں کی مربوط کوششوں نے دیرینہ مسائل کے حل اور قیمتی اراضی کی واگزاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ واگزار کرائی گئی ایک ہزار کنال سے زائد اراضی، جس کی مالیت اربوں روپے ہے، ایک اہم قومی اور عوامی اثاثہ ہے۔ اس اراضی کی واگزاری سے سیکٹر ای 12کی منصوبہ بندی کے مطابق ترقی میں حائل ایک بڑی رکاوٹ اب دور ہوگئی ہے اور اب سی ڈی اے منظور شدہ منصوبہ بندی کے تحت سیکٹر کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہا ہے۔اراضی کی کامیاب واگزاری کے بعد سی ڈی اے نے سیکٹر ای 12میں ترقیاتی سرگرمیوں کا کام بھی بھرپور رفتار سے شروع کردیا ہے، جس کا مقصد آنے والے مہینوں میں سیکٹر کی ترقی اور تکمیل کے عمل کو تیز کرنا ہے۔ سیکٹر میں جدید سڑکوں، بنیادی شہری انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں تاکہ مستقبل کے رہائشیوں کو بہتر اور جدید شہری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔چار دہائیوں سے زائد عرصے بعد ایک ہزار کنال سے زائد اراضی کی واگزاری سیکٹر ای 12کی ترقی میں حائل دیرینہ رکاوٹوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم اور بڑی پیش رفت ہے۔ یہ کامیابی سی ڈی اے کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائیگا، دیرینہ مسائل حل کیے جائیں گے۔

منصوبہ بندی کے مطابق ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور قیمتی اراضی کو اسلام آباد کے منظور شدہ ماسٹر پلان کے مطابق بہترین انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔ شہریوں اور رہائشیوں نے سی ڈی اے کی طرف سے ایک ہزار کنال سے زائد قیمتی اراضی کی تاریخی واگزاری اور سیکٹر ای 12میں ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی مخلصانہ کاوشوں، چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی موثر نگرانی، سی ڈی اے کے تمام ممبران، سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے افسران، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے قیمتی اراضی کی کامیاب واگزاری میں اپنا کردار ادا کیا۔ شہریوں اور اسٹیک ہولڈرز نے اربوں روپے مالیت کی ایک ہزار کنال سے زائد اراضی کی واگزاری کو ایک بڑی کامیابی اور سیکٹر ای 12کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تیز رفتار ترقیاتی سرگرمیوں کے نتیجے میں سیکٹر ای 12جلد اسلام آباد کے ایک جدید، خوبصورت، منظم اور مکمل ترقی یافتہ سیکٹر کی شکل اختیار کرے گا۔یہ تاریخی کامیابی موثر ادارہ جاتی رابطہ کاری، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی پرعزم قیادت، چیئرمین سی ڈی اے کی مسلسل اور موثر نگرانی، تمام متعلقہ ونگز کے سربراہان، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ اور ان کی ٹیموں کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے۔ سی ڈی اے سرکاری اراضی کے تحفظ، منصوبہ بندی و ترقیاتی قوانین کے نفاذ، دیرینہ مسائل کے حل اور اسلام آباد بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، صاف ستھرا، گرین، خوبصورت اور ماڈل شہر بنانے میں مدد ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔