ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے، قانون سازی کے عمل کو موثر بنانے اور عوامی ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قوتوں، پارلیمان اور ریاستی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ موجودہ ملکی اور بین الاقوامی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام معاملات کو باہمی مشاورت، افہام و تفہیم اور سیاسی مکالمے کے ذریعے حل کیا جائے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمان جمہوری نظام کا بنیادی ستون ہے اور قومی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے، عوامی مسائل کے حل اور موثر قانون سازی میں پارلیمان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے درمیان مضبوط ادارہ جاتی روابط اور موثر تعاون سے قانون سازی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے اور عوامی مفاد سے متعلق امور کو زیادہ مثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔