ہومتازہ ترینچین پاکستان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ، سفیر جیانگ زی ڈونگ

چین پاکستان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ، سفیر جیانگ زی ڈونگ

اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ صنعت، زراعت، معدنیات، سکیورٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔

اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور دیگر معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔

سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی طور پر شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک کامیاب دورے سے وطن واپسی کے فوراً بعد استقبالیہ میں شرکت پاکستان اور چین کے تعلقات اور چینی عوام کے ساتھ ان کی گہری دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین نے گزشتہ 77 برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور رواں سال کی پہلی ششماہی میں چینی معیشت کی شرح نمو 4.7 فیصد رہی۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، الیکٹرک گاڑیوں اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں چین کی پیش رفت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستان کے حوالے سے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں لچک اور فعالیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے زرمبادلہ کے ذخائر، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، خدمات اور آئی ٹی برآمدات، کاروباری رجسٹریشن اور ترسیلات زر میں بہتری کا ذکر کیا۔

انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے فعال کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی گردشی صدارت بھی سنبھال چکا ہے۔

سفیر نے کہا کہ 2026ء پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کا سال ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کو “آہنی بھائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط میں تسلسل رہا، جبکہ مئی میں صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے اہم اتفاق رائے ہوا۔

جیانگ زی ڈونگ کے مطابق جنوری سے جولائی تک پاک چین دوطرفہ تجارت کا حجم 16.44 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13.4 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی تجارت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ چین پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اہم ذرائع میں سرفہرست ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک صنعت، زراعت اور معدنیات کے تین ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک فیز ٹو کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھائیں گے اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

انہوں نے آئندہ تعاون کے لیے پانچ اہم شعبوں کی نشاندہی کی، جن میں اسٹریٹجک باہمی اعتماد کو مضبوط بنانا، عملی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون، دفاعی و سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی تعاون میں اضافہ اور عالمی و علاقائی امور پر قریبی رابطہ شامل ہیں۔

سفیر جیانگ نے کہا کہ چین بلوچستان میں عوامی فلاح کے منصوبوں کے تحت 100 صاف پانی کے اسٹیشنز، 1,000 اسمارٹ کلاس رومز اور ایک لاکھ اسکول کٹس کی فراہمی کے منصوبوں کو تیز کرے گا۔

انہوں نے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، جامعات، تھنک ٹینکس، نوجوانوں اور خواتین کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر نئے دور میں مزید قریبی پاک چین ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے، دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید فوائد پیدا کرنے اور خطے میں مشترکہ مستقبل کے معاشرے کے قیام کے لیے مثال قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔

تقریب کے اختتام پر سفیر جیانگ زی ڈونگ نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دونوں اقوام کی خوشیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔