ہومپاکستانحکومت نے کے پی میں گورنر راج کیلئے مشاورت کی تو آئین کے تحت تجاویز دینگے،نیئر بخاری

حکومت نے کے پی میں گورنر راج کیلئے مشاورت کی تو آئین کے تحت تجاویز دینگے،نیئر بخاری

اسلام آباد(سب نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مشاورت کی تو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی تجاویز دیں گے۔ صوبائی حکومت کی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کی صورت میں آئین کے تحت دستیاب راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

نیئر حسین بخاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ وزیراعلی کے اپنے ضلع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شہری شام کے بعد گھروں تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آئے روز دہشت گرد حملوں میں پاک فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں سمیت شہری شہید ہو رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور صوبائی ذمہ داران شہدا کے جنازوں میں شرکت کیوں نہیں کرتے؟ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات عوامی مسائل کے حل کے بجائے محض ایک فرد کی رہائی تک محدود دکھائی دیتی ہیں۔ اسلام آباد پر چڑھائی کے لیے صوبائی وسائل کا استعمال اور سرکاری اختیارات کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال قابل تشویش ہے۔نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ریلیف مزاحمت، محاذ آرائی یا سڑکوں پر احتجاج سے نہیں بلکہ عدلیہ سے ملے گا۔

پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم سیاست کی آڑ میں ریاستی اداروں اور ریاستی نظام کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پرتشدد واقعات کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے قانون کا بلاامتیاز نفاذ یقینی بنائے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سیاسی مذاکرات اور گفت و شنید پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے بدترین سیاسی مخالفین سے بھی مذاکرات کیے ہیں، کیونکہ قومی معاملات طاقت اور محاذ آرائی سے نہیں بلکہ بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا سیاسی طرزِ عمل اور سابقہ ریکارڈ اعتماد کے حوالے سے سوالات پیدا کرتا ہے، جبکہ پارٹی اس وقت مختلف دھڑوں میں تقسیم دکھائی دیتی ہے اور ہر دھڑا الگ موقف اختیار کرتا ہے۔نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دعوت نامہ موصول ہو چکا ہے۔ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے اعلی فورم، مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں غور کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔