نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہنگری کی ہم منصب وزیر خارجہ انیتا اوربان سے ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم نے انیتا اوربان کو وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے کامیاب مدتِ کار کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ہنگری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی، اقتصادی، تجارت و سرمایہ کاری، کاروباری، تعلیمی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ مشاورتی نظام کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ باہمی روابط میں جاری رفتار کو برقرار رکھا جا سکے۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی قابلِ عمل راستہ ہیں، جبکہ تمام فریقین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کی طرف واپسی کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
