ہومبریکنگ نیوزہم ہجرت کرکے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے: خالد مقبول

ہم ہجرت کرکے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے: خالد مقبول

کراچی (آئی پی ایس )متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم ہجرت کر کے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے۔کراچی میں تقریب سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، صوبے صرف اور صرف انتظامی یونٹس ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے، صوبے کی تقسیم کو غداری قرار دینا سب سے بڑی غداری ہے ، آج تمام سیاسی جماعتیں ہماری آواز سے آواز ملا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے، اے پی ایم ایس او کے منشور میں صوبے کا ذکر تھا اور اب وہ پورے ملک کی آواز ہے، ایم کیو ایم کا پہلا مطالبہ ہے پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ ہمیں ہمارا صوبہ دے دیں آرٹیکل 140 اے ہم خود نافذ کرلیں گے، ہمیں سندھ اسمبلی میں سندھو دیش کے خلاف قرارداد نہیں لانے دی گئی، آج صوبے کیوں ہونے چاہئیں اس کیلیے لمبی دلیل دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

خالد مقبول کا کہناتھاکہ ہم ہجرت کر کے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا ہے، پہلے آپ مردم شماری کرائیں پھر ایمانداری سے ووٹر لسٹیں بنائیں، آج کراچی کی آبادی دو کروڑ سے زائد ہے، جو ریاست مردم شماری نہ کراسکے وہ مردم شناسی کراسکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔