ہومبریکنگ نیوزوائٹ واش کے باوجود محمد عباس کا اعزاز، انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ مشترکہ پلیئر آف دی سیریز قرار

وائٹ واش کے باوجود محمد عباس کا اعزاز، انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ مشترکہ پلیئر آف دی سیریز قرار

لندن (آئی پی ایس )انگلینڈ کے ہاتھوں 0-3 سے وائٹ واش کے باوجود پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کا مشترکہ پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کر لیا جو انہوں نے انگلینڈ کے اولی رابنسن کے ساتھ شیئر کیا۔ ایجبسٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے اختتام پر میزبان ٹیم نے سیریز 3-0 سے اپنے نام کی تاہم قومی ٹیم کے لیے محمد عباس سب سے نمایاں بولر رہے۔

36 سالہ محمد عباس نے سیریز کی 5 اننگز میں 25.38 کی شاندار اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ بولنگ کے ساتھ ساتھ انہوں نے بیٹنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا اور سیریز میں 86 رنز بنائے جس میں ان کے کیریئر کی بہترین 42 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جو انہوں نے آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کھیلی اور ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچاتے ہوئے انگلینڈ کے لیے 130 رنز کا معقول ہدف سیٹ کرنے میں مدد دی۔محمد عباس کا سیریز کا آغاز قدرے سست رہا۔ انہوں نے ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

گیند کے ساتھ ان کی اصل کارکردگی لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں سامنے آئی جہاں انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 130 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں 73 رنز دے کر حاصل کیں اور دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر سیریز میں اپنی واحد فائیو وکٹ ہال مکمل کی۔

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں محمد عباس نے مجموعی طور پر 122 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور 63 رنز بھی بنائے۔دوسری جانب انگلینڈ کے 32 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اولی رابنسن جنہوں نے عباس کے ساتھ یہ اعزاز شیئر کیا سیریز کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 6 اننگز میں صرف 8.76 کی حیران کن اوسط سے 21 وکٹیں حاصل کیں اور 58 رنز بھی بنائے۔ سیریز میں ان کی بہترین کارکردگی ہیڈنگلے میں پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سامنے آئی جہاں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی پانچویں فائیو وکٹ ہال تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔