ہومپاکستاناپوزیشن جماعتوں کا 27ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری ،جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اپوزیشن جماعتوں کا 27ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری ،جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد(سب نیوز) اپوزیشن جماعتوں نے 27ستمبر کے احتجاج کی بھرپور تیاری کا فیصلہ کرلیا، جبکہ ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماوں کا اہم اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے اپوزیشن رہنماوں نے تفصیلی مشاورت کی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی۔اپوزیشن نے ملکی حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ملکی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی لائحہ عمل پر غور ہوگا۔
دریں اثنا تحریک تحفظ آئین کا اجلاس 15 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے دفاتر کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات طے کرنے کے لیے مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق گفتگو کی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔