واشنگٹن: یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کینیڈا اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں یوم سیاہ کشمیر کا اہتما م کیا گیا جس میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے میں یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے واشنگٹن ڈی سی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہماری قومی شناخت اور وقار کا حصہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنطیموں کی توجہ کی منتظر ہے۔ 27 اکتوبر کو بھارتی افواج کی جموں و کشمیر میں مد ا خلت تاریخ کا المناک ترین باب ہے جس کے اثرات براہِ راست علاقائی امن سے مُنسلک ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارتی افواج تقسیم ہند کے منصوبے کے مُسلمہ اصولوں کی صریحاًخلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے بر عکس جموں و کشمیر پر قابض ہوئیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق کی مُسلسل اور کھلم کھلا پامالی اور بد ترین ریاستی دہشت گردی ہر سطح پر قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر کا مقصد جموں وکشمیر کے تنازعے کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق پرامن اور مُنصفانہ حل کے عزم کی تجدید ہے۔ جدو جہدِ آزادی کشمیر کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پر مکمل اور غیر متزلزل اتفاقِ رائے ہماری قومی تاریخ کا اہم ترین حصہ ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اہم دارالحکومتوں بشمول لندن، واشنگٹن، نیویارک، جدہ اور برسلزمیں مقیم کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیرپر ہم آہنگ موقف کو عالمی برادری کے سامنے اجا گر کریں، کشمیر ہماری قومیت کی اساسیت کا نامکمل باب ہے جس سے رُو گردانی مُمکن نہیں۔
ادھر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اوٹاوا اور ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں قائم قونصلر مشنز نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرنا تھا جو اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے طویل جدوجہد کر رہے ہیں۔
ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب میں دستاویزی فلم کی نمائش، تصویری نمائش اور انسانی حقوق کے حامیوں کے اظہارِ خیال سمیت مختلف سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس موقع پر مقررین نے مسئلہ کشمیر اور بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے معصوم شہریوں کو درپیش مظالم کو اجاگر کیا۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کینیڈا اور امریکا میں پاکستانی سفارتخانوں میں تقاریب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
