اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی کہیں سے مخالفت نہیں ہونی چاہیے، کیوں کہ یہ قومی مسئلہ ہے، اس معاملے پر صوبوں کا سخت رویہ درست نہیں۔
پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کی جگہ نئے انتظامی یونٹس کی اصطلاح استعمال کی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔خواجہ آصف نے کہاکہ نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر صوبوں کا سخت رویہ میرے خیال میں درست نہیں ہے۔ یہ کسی صوبے کے خلاف اقدام نہیں ہے بلکہ اس سے وفاق مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن یا وزیراعظم کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالے سے کسی پیشرفت کا انہیں علم نہیں ہے۔
سندھ حکومت کے موقف کے حوالے سے وزیر دفاع نے کہا کہ سندھ حکومت کا الگ موقف رکھنے کا حق ہے، تاہم متفقہ فیصلہ سب کو ماننا ہوگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور مسائل کا حل عوام کا حق ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ اسلام آباد کی اپنی اسمبلی یا صوبائی حکومت ہونا اچھا اقدام ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیز دنیا کے بہت سے دارالحکومتوں میں موجود ہے۔ نئی دہلی کی حکومت مکمل طور پر الگ حکومت ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد میں اس پر عمل ہورہا ہے تو باقی صوبوں میں بھی اس پر عمل کرنا آسان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں کوئی ہچکچاہٹ کی بات نہیں، افغانستان میں بھی 34، 35 صوبے ہیں۔
نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی کہیں سے مخالفت نہیں ہونی چاہیے، یہ قومی مسئلہ ہے، خواجہ آصف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
