ہومپاکستانقائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ٹاورز میں فائونڈرز وال کا افتتاح کر دیا

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ٹاورز میں فائونڈرز وال کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد(سب نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ٹاورز میںفائونڈرز وال کا افتتاح کیا اور اس ادارے کی بنیاد رکھنے والوں اور اہم شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر قائم مقام صدر نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری میں عوام کی شمولیت بڑھانے اور کاروباری شعبے میں ایکو ٹی فنانسنگ کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے یاد دلایا کہ بطور وزیراعظم پاکستان انہوں نے خود آئی ایس ای ٹاورز کا افتتاح کیا تھا۔انہوں نے مرحوم احسان الحق پراچہ کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت میں وزیر مملکت برائے خزانہ کی حیثیت سے 1989 میں اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے پہلے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ٹریڈنگ اور سیٹلمنٹ کے اس بنیادی ڈھانچے کی بنیاد رکھی جس نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پاکستان کی خدمت کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ بانیان کی دیوار پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ادارہ جاتی تاریخ اور یادداشت کو محفوظ رکھنے کی علامت ہے۔ یہ ان لوگوں کی دوراندیشی کا اعتراف بھی ہے جنہوں نے سرمایہ تک رسائی کو وسیع کرنے، معاشی مواقع کو عام کرنے اور پاکستان کے شمالی علاقوں کو ملک کے مالیاتی نظام کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے کام کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے ادارے کے ساتھ اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعظم انہیں آئی ایس ای ٹاورز کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ہمیشہ یہ یقین رہا ہے کہ اسلام آباد صرف ملک کا انتظامی مرکز ہی نہیں بلکہ اقتصادی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کا بھی اہم ستون ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینجز محض تجارتی حجم، انڈیکس پوائنٹس اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن جیسے تکنیکی اشاریوں تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ بنیادی طور پر اعتماد کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ یہ عوام کی انفرادی بچتوں کو قومی دولت میں تبدیل کرنے، کاروبار کو وسعت دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صنعتوں کے قیام میں مدد دیتی ہیں جس سے کاروباری ادارے صرف بینک قرضوں پر انحصار کیے بغیر سرمایہ حاصل کرسکتے ہیں۔قائم مقام صدر نے کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے تین اہم ترجیحات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا پہلی ترجیح مالیاتی خواندگی کے پروگراموں کے ذریعے عوام میں مالیاتی امور اور سرمایہ کاری سے متعلق آگاہی بڑھانا ہے۔دوسری ترجیح خاندانی ملکیت والے کاروباروں اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سٹاک ایکسچینج میں لسٹ ہونے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وہ سرمایہ مارکیٹ سے حاصل کرسکیں۔تیسری ترجیح مستحکم پالیسیوں کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے مضبوط معاشی بنیادوں، میکرو اکنامک استحکام اور طویل المدتی ساختی اصلاحات ضروری ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کے معاشی سفر میں ایک پرعزم شراکت دار ہے اور کیپٹل مارکیٹ سے متعلق قانون سازی کو بہتر بنانے، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے تحت ریگولیٹری نظام کو مزید موثر بنانے اور سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں میں معاشی مواقع کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔قائم مقام صدر نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی قیادت کو اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کے بانیان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بانیان کی دیوار قائم کرنے کے اقدام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بانیان اور پیش روئوں کو یاد رکھنا کسی بھی بالغ اور مستقبل شناس ادارے کی علامت ہے۔اپنے خطاب سے قبل قائم مقام صدر نے پاکستان ایئر فورس ڈے کے موقع پر بھی دلی مبارکباد پیش کی۔اس سے قبل قائم مقام صدر نے فیتہ کاٹ کر بانیان کی دیوار کا افتتاح کیا اور اس کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے چیئرمین ہارون احسان پراچہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بھی شرکت کی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز سے خطاب کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔