نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مسلح افواج کے بہادر سپوتوں، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ میں جرأت، بہادری اور جذبۂ ایثار کی روشن مثال ہے۔
اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو مسلح افواج کے بہادر جوانوں نے غیر معمولی جرأت اور استقامت کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا۔ شہداء اور غازیوں کی شجاعت، فرض سے بے لوث وابستگی اور لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر اور تحریک کا سرچشمہ رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں پر ان کے اہلِ خانہ کو بھی سلامِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ معرکۂ حق اور آپریشن بنیانٌ مرصوص کے دوران ایک بار پھر مسلح افواج نے جرأت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ عوامِ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا اور ہر قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے قومی عزم اور مکمل تیاری کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے اور ملک کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند قوم ہے اور پُرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور تعاون کے لیے اپنے عزم پر کاربند ہے۔ تاہم جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے تنازعۂ جموں و کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل ضروری ہے۔
پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے: نائب وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
