ہومپاکستانتاشقند اور کراچی کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ قائم، ہفتہ وار دو پروازیں شروع

تاشقند اور کراچی کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ قائم، ہفتہ وار دو پروازیں شروع

اسلام آباد:ازبکستان اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاشقند اور کراچی کے درمیان پہلی براہِ راست پرواز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور عوامی روابط کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

ازبکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تاشقند اور کراچی کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا افتتاح آج 3 ستمبر کی علی الصبح ہوا۔ نئی سروس کے آغاز کے بعد ازبکستان اور پاکستان کے درمیان ہفتہ وار براہِ راست پروازوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

موجودہ شیڈول کے مطابق تاشقند سے لاہور کے لیے ہفتے میں چار پروازیں، اسلام آباد کے لیے دو جبکہ کراچی کے لیے دو پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ تقریباً 20 ماہ قبل دونوں ممالک کے درمیان ایک بھی براہِ راست فضائی رابطہ موجود نہیں تھا، تاہم مختصر عرصے میں فضائی روابط میں نمایاں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور عملی پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔

ازبکستان کی قیادت نے براہِ راست تاشقند-کراچی روٹ کو حقیقت بنانے پر Centrum Air کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی۔

بیان کے مطابق کراچی پاکستان کا اہم معاشی مرکز اور کاروباری و سفری سرگرمیوں کا بڑا شہر ہے۔ تاشقند سے کراچی کا فضائی سفر تقریباً 2 گھنٹے 45 منٹ پر مشتمل ہوگا، جبکہ دونوں جانب کے ٹکٹ کی قیمت 400 امریکی ڈالر سے کچھ زیادہ بتائی گئی ہے۔

ازبکستان نے براہِ راست فضائی رابطے کو محض ایک نئی پرواز قرار دینے کے بجائے دونوں ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لیے نئے کاروباری اور سیاحتی مواقع کا پل قرار دیا۔

ازبکستانی حکام کے مطابق نئی فضائی سروس صدر شوکت مرزایوف کی قیادت میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ دوستی، ٹرانسپورٹ کنیکٹیویٹی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔

نئے فضائی رابطے سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کاروباری وفود کی آمدورفت، سرمایہ کاری، سیاحت اور عوامی روابط میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔