مظفرآباد (آئی پی ایس )وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے بیوروکریسی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردیں۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکریٹریز حکومت کا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکریٹری سردار عدنان خورشید سمیت مختلف محکمہ جات کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح سسٹم میں اصلاحات لاکر عام آدمی کے لیے آسانیاں اور نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کو بیوروکریسی کے تعاون سے حل کریں گے، ہماری کارکردگی گرانڈ پر نظر آئے گی۔ بیوروکریسی کے کندھوں پر اہم ذمہ داریاں ہیں اور ہم ٹیم ورک کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں کے لیے کام کرنے آئے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے یوتھ انگیجمنٹ پروگرام لائیں گے، جبکہ ریاست میں بے روزگاری ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل سیکٹر کے اندر ڈیمانڈ بیس سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کریں گے تاکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ عام آدمی کو سفری سہولیات اور صحت کی سہولیات میں ریلیف دیں گے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ وہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کردیں۔
انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کا ایجنڈا ہے، عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم آزاد کشمیر کی عوام کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کی بہتری کے لیے آئے ہیں۔افتخار گیلانی نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے سے ہماری جماعت کی مرکزی قیادت کی کشمیر سے سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔
