ہومپاکستانسسٹم ناکام نہیں ہوابلکہ نتائج دے رہا ہے، وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے،اسپیکر ایازصادق

سسٹم ناکام نہیں ہوابلکہ نتائج دے رہا ہے، وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے،اسپیکر ایازصادق

اسلام آباد (سب نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ نتائج دے رہا ہے اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، کسی بھی نظام کے بارے میں حتمی فیصلہ عوام ہی کرتے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات ماضی میں انتہائی خراب ہو چکے تھے تاہم اب معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی ساکھ اور وقار میں اضافہ کیا۔ پوری دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔
ایاز صادق نیکہا کہ بطورکسٹوڈین آف دی ہاوس ان کی ذمہ داری ہے کہ پارلیمان میں محنت کرنے والوں کی کاوشیں ضائع نہ ہوں۔اگر وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز ایوان میں موجود نہ ہوں تو انہیں سختی کرنا پڑتی ہے تاکہ پارلیمانی نظام موثر انداز میں چل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ان سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان میں داخل ہو کر آیت الکرسی، درود شریف اور چاروں قل پڑھتے ہیں جس سے ماحول بہتر ہو جاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کے کردار میں رہے ہیں اور اب بھی دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے درمیان بعض معاملات موجود ہیں تاہم امید ہے کہ وہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہوجائیں گے۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹیوں میں عدم شرکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کو کمیٹیوں میں واپس آنا چاہیے۔ اگرچہ ان کی عدم موجودگی سے کمیٹیوں کا کام نہیں رکا، تاہم شرکت کی صورت میں وہ حکومت کا بہتر احتساب کرسکتے ہیں اور اصلاحات کے لیے موثر تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر فرد اور جماعت کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے اور اس موضوع پر بحث میں کوئی حرج نہیں۔کچھ حلقے مقامی حکومتوں اور کچھ نئے صوبوں کی بات کر رہے ہیں، تاہم ہر مسئلے کا حل مذاکرات، مکالمے اور سیاسی اتفاق رائے میں پوشیدہ ہے۔ احتجاج، محاذ آرائی اور تصادم مسائل کا حل نہیں بلکہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔پی ٹی آئی کے مذاکراتی موقف پر تبصرہ کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ وہ اس معاملے میں غیر یقینی کیفیت کا شکار دکھائی دیتی ہے،کیونکہ جب مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو سوشل میڈیا کے ردعمل سے خوفزدہ ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی اپنی اندرونی کمیٹی بٹھا کر واضح فیصلہ کرے تاکہ سیاسی عمل میں پیش رفت ممکن ہو سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔