نیویارک (آئی پی ایس )امریکی عدالت نے 75 ممالک کے امیگرنٹ ویزا کی کارروائی روکنے کی ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی مسترد کردی۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی عدالت نے جن 75 ممالک کے امیگرنٹ ویزا کی کارروائی روکنے کی پالیسی مسترد کی ان ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، ایران اور روس بھی شامل تھے۔
نیویارک کی ڈسٹرکٹ جج نیگزشتہ روز ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پالیسی کالعدم قرار دی اور کہا کہ ویزا پالیسی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے قانونی اختیارات سے تجاوز کرتی ہے، جنوری میں نافذ کی گئی ویزا پالیسی واضح طور پر غیر قانونی تھی، ٹرمپ انتظامیہ کی ویزا پالیسی وفاقی امیگریشن قانون سے متصادم تھی۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی جج نے فیصلہ تارکینِ وطن حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کیے مقدمے میں سنایا، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ پالیسی میں شامل ممالک کے شہری امریکا میں عوامی بوجھ بن سکتے ہیں جس کے سبب 75 ممالک کے لیے امریکی امیگرنٹ ویزا کارروائیاں جنوری سے روک دی گئی تھیں۔دوسری جانب امریکی عدالت کے فیصلے پر محکمہ خارجہ نے ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
