ہومپاکستانصدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک کی ملاقات،امن، ثقافت اور معاشی روابط کے فروغ پر گفتگو

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک کی ملاقات،امن، ثقافت اور معاشی روابط کے فروغ پر گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک نے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن، ثقافتی سرگرمیوں اور اقتصادی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مشعال حسین ملک نے عاطف اکرام شیخ کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزدگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے عاطف اکرام شیخ کی سماجی و فلاحی خدمات کو بھی سراہا۔گفتگو میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ امن کے فروغ کے لیے ثقافت، آرٹ اور سافٹ پاور کا کردار نہایت اہم ہے۔

مشعال حسین ملک نے کہا کہ ثقافتی آگاہی عالمی سطح پر انسانی حقوق اور امن کے شعور کو اجاگر کرنے کا موثر ذریعہ ہے۔اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے کاروباری برادری کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن، ثقافت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ علاقائی استحکام تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی مثبت شناخت کو اجاگر کرنے میں ثقافت اور سافٹ پاور اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن اور ثقافتی روابط کو فروغ دے کر خطے میں معاشی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ کاروباری برادری معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ امن اور سماجی بہبود کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن سے ہی تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی خوشحالی کا راستہ ہموار ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف پی سی سی آئی امن، ثقافت اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرے گی۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے علاقائی امن ناگزیر ہے اور بزنس کمیونٹی سماجی اور پرامن مقاصد کی حمایت جاری رکھے گی۔ ملاقات میں نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق خان جدون اور انچارج کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔