ہومبریکنگ نیوزبیوروکریٹس ہی اصل اور مستقل حکمران، کوئی احتساب نہیں کرسکا، وزیر دفاع

بیوروکریٹس ہی اصل اور مستقل حکمران، کوئی احتساب نہیں کرسکا، وزیر دفاع

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیوروکریسی کو پاکستان کی اصل اور مستقل حکمران قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی 78 سالہ تاریخ میں سیاست دانوں سمیت دیگر حکمران طبقات کا احتساب تو ہوا، تاہم بیوروکریسی کو کبھی اس طرح جوابدہ نہیں بنایا گیا۔

ایک سینیئر بیوروکریٹ کی مبینہ مالی بدعنوانی سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں سیاست دانوں کے احتساب کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں، جبکہ دیگر حکمران طبقات کے حوالے سے بھی کچھ مثالیں موجود ہیں، لیکن بیوروکریسی کے احتساب کی مثالیں تلاش کرنا مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ بیوروکریٹس ہی پاکستان کے اصل اور مستقل حکمران ہیں اور وہ آئندہ بھی اسی حیثیت میں رہیں گے۔

خواجہ آصف نے ماضی کے ایک بیوروکریٹ حکمران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست دانوں کے منہ پر انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کرتے تھے اور سیاست دان اسے برداشت کرلیتے تھے۔انہوں نے کہاکہ اگر گزشتہ 78 برس کے دوران بیوروکریٹس کو وزرا اور مشیروں کے طور پر شمار کیا جائے تو ان کی تعداد بھی بہت زیادہ بنتی ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ اگر بیوروکریسی آج ایک ناقابل گرفت طبقہ بن چکی ہے اور کوئی اسے جوابدہ کرنے والا نہیں تو اس کے ذمہ دار دراصل سیاست دان اور ان کی کمزوریاں ہیں، جبکہ بیوروکریٹس صرف اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے والے کردار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔