اسلام آباد(سب نیوز) : برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت بھی ملاقات کا حصہ رہی۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر فریقین کو اس کی روح اور الفاظ کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
