اسلام آباد (سب نیوز): پاکستان میں پرتگال کے سفارتخانے نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
پرتگالی سفارتخانے کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا کہ پرتگال اور پاکستان کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہیں۔
سفارتخانے نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر امن، خوشحالی اور باہمی تعاون پر مبنی مزید روشن مستقبل کی تعمیر کے خواہاں ہیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ ’’دوستی اور بھروسہ — ہمارا مشترکہ سفر جاری ہے‘‘، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پرتگالی سفارتخانے نے پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام کا اختتام ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے الفاظ سے کیا۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری پیغام کے ساتھ پاکستان اور پرتگال کے قومی پرچموں کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں، جو دونوں ممالک کے دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی علامت ہیں۔
