ہومتازہ ترینرازی ہسپتال راولپنڈی میں گردے کی پتھری کی 1,000 کامیاب سرجریز مکمل

رازی ہسپتال راولپنڈی میں گردے کی پتھری کی 1,000 کامیاب سرجریز مکمل

راولپنڈی: الخدمت رازی ہسپتال راولپنڈی کے شعبہ یورولوجی اور کڈنی ٹرانسپلانٹ یونٹ نے گردے کی پتھری کے علاج میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے گزشتہ 18 ماہ کے دوران ایک ہزار (1,000) PCNL سرجریز مکمل کرلی ہیں۔

PCNL (Percutaneous Nephrolithotomy) گردے کی بڑی یا پیچیدہ پتھری نکالنے کا ایک جدید اور مؤثر طریقۂ علاج ہے، جس میں نسبتاً کم چیرا لگایا جاتا ہے۔ رازی ہسپتال میں اس طریقۂ علاج کی ایک ہزار سرجریز کی تکمیل شعبہ یورولوجی کی بڑھتی ہوئی مہارت، تجربے اور مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کی ایک نمایاں مثال ہے۔

ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق ان ایک ہزار مریضوں میں 3 سال سے 80 سال تک کی عمر کے افراد شامل تھے۔ سرجری کے بعد مریضوں کا اوسط ہسپتال قیام 24 گھنٹے سے بھی کم رہا، جبکہ صرف 2 فیصد مریضوں کو خون لگانے کی ضرورت پیش آئی۔

علاج کے نتائج کے مطابق دوبارہ PCNL یا ESWL کی ضرورت صرف 6 فیصد مریضوں میں پیش آئی، جبکہ سنگین پیچیدگیاں انتہائی کم رہیں۔ یوروسپسس کے باعث ICU میں داخلے کی شرح صرف 0.3 فیصد رہی، جبکہ Gut Injury اور Pulmonary Injury کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق یہ اعداد و شمار اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ بڑی تعداد میں سرجریز انجام دینے کے باوجود مریضوں کی حفاظت، علاج کے معیار، کم پیچیدگیوں اور مختصر ہسپتال قیام کو خصوصی اہمیت دی گئی۔

شعبہ یورولوجی کی ٹیم میں کنسلٹنٹ یورولوجسٹس ڈاکٹر نوید احمد، ڈاکٹر حمزہ شیرازی اور ڈاکٹر منیب احمد شامل ہیں۔ ٹیم کی جانب سے جدید طبی تکنیک اور مربوط ٹیم ورک کے ذریعے مریضوں کو معیاری یورولوجیکل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس اہم کامیابی پر چیئرمین الخدمت رازی ہسپتال راولپنڈی ابو عمیر زاہد نے شعبہ یورولوجی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ یہاں بہترین صلاحیت اور جذبے کے حامل ڈاکٹرز موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ رازی ہسپتال کی ترقی صرف عمارتوں اور سہولیات میں اضافے کا نام نہیں، بلکہ اصل کامیابی ایسے قابل اور محنتی ڈاکٹرز اور طبی ٹیموں کی وجہ سے ممکن ہوتی ہے جو اپنی مہارت اور خدمت کے جذبے سے ادارے کو کامیاب بناتے ہیں۔ انہوں نے ایک ہزار PCNL سرجریز کی تکمیل کو پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی امید ظاہر کی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ رازی ہسپتال نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ معیارِ علاج اور مریضوں کی حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرنا بنیادی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار سرجریز کے نتائج، کم پیچیدگیوں کی شرح، خون کی کم ضرورت اور مریضوں کے مختصر ہسپتال قیام سے ظاہر ہوتا ہے کہ رازی ہسپتال کا شعبہ یورولوجی معیاری اور محفوظ طبی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یورولوجی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں Quality of Care، Patient Safety اور بہتر clinical outcomes کو مسلسل بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

اہم اعداد و شمار

1,000 — PCNL سرجریز
18 ماہ — مطالعے کا عرصہ
3 تا 80 سال — مریضوں کی عمر
2% — خون لگانے کی شرح
24 گھنٹے سے کم — اوسط ہسپتال قیام
6% — دوبارہ PCNL/ESWL کی شرح
0.3% — یوروسپسس کے باعث ICU داخلہ
0% — Gut Injury
0% — Pulmonary Injury

ایک ہزار سرجریز، ایک ہزار امیدیں — رازی ہسپتال کا عزم، محفوظ اور معیاری علاج۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔