لکی مروت نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس کی رائیڈر اسکواڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ لکی مروت میں سعید خیل قبرستان کے قریب پیش آیا۔
شہید اہلکار کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی اہلکار کا نام محمد وقاص ہے۔ دونوں اہلکاروں کو سٹی ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق کمیٹی کے رضاکار اور پولیس کی بھاری نفری دہشت گردوں کے تعاقب میں روانہ ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ لکی مروت میں گزشتہ کئی ماہ سے پولیس اہلکاروں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اسی سال فروری میں ایک پولیس کانسٹیبل کو دہشت گردوں نے گھر میں گھس کر گھر والوں کے سامنے فائرنگ سے قتل کردیا تھا۔
واقعہ سرائے نورنگ کے گاؤں نصر خیل میں پیش آیا تھا جہاں مسلح افراد نے کانسٹیبل دستگیر کو شہید کرنے کے بعد ان کے گھر کو بھی آگ لگادی تھی۔
