ہومپاکستانکامسٹیک کے زیر اہتمام گلوبل ساؤتھ انوویشن و انویسٹمنٹ سمٹ، پاکستان چین سائنسی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر زور

کامسٹیک کے زیر اہتمام گلوبل ساؤتھ انوویشن و انویسٹمنٹ سمٹ، پاکستان چین سائنسی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر زور

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)، پاتھ فائنڈر سٹیڈل پاکستان اور کمرشل کلچر ایسوسی ایشن برائے چین (CCAC) کے اشتراک سے گلوبل ساؤتھ انوویشن و انویسٹمنٹ سمٹ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں چین کے 13 رکنی وفد، وفاقی و صوبائی حکام، سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، جامعات، چیمبرز آف کامرس، اسٹارٹ اپس، سائنسدانوں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر سرمایہ کاری و چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر شیخ تھے جبکہ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کامسٹیک کے سینئر اعزازی مشیر ڈاکٹر شاہد محمود اور چینی وفد کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ میں سائنسی اور افرادی صلاحیتوں کا بے پناہ ذخیرہ موجود ہے جسے تحقیق، جدت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک او آئی سی کے 57 رکن ممالک میں تحقیق، مصنوعی ذہانت، اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی اور استعدادِ کار بڑھانے کے متعدد پروگراموں پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر قیصر شیخ نے کامسٹیک، پاتھ فائنڈر سٹیڈل اور چینی ادارے CCAC کو اس بروقت سمٹ کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اب خیالات کو سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، پیداوار، برآمدات اور روزگار میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعاون کا اگلا مرحلہ جدت، مصنوعی ذہانت، جدید صنعت، ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس اور مشترکہ تحقیق پر مبنی ہونا چاہیے۔

چینی وفد کے سربراہ *لی آنگ نے پاکستان کے سائنسی و صنعتی امکانات اور نوجوان افرادی قوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، صنعت، تحقیق اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

ڈاکٹر شاہد محمود نے کہا کہ یہ سمٹ محققین، صنعت، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی اہم کوشش ہے۔ انہوں نے چینی وفد کی جانب سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

سمٹ میں ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن، مصنوعی ذہانت، اسٹارٹ اپس، تحقیق، سرمایہ کاری، صنعت اور پاکستان چین تعاون کو فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔