ہومبریکنگ نیوزشمالی وزیرستان، نوشکی میں کارروائیاں، 12 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

شمالی وزیرستان، نوشکی میں کارروائیاں، 12 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

وزیرستان(آئی پی ایس )سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتن الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتن الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید میجر ایک بہادر افسر اور اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔