اسلام آباد (سب نیوز)تحریک انصاف سے مذاکرات کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم بیٹھک ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کریگا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنااللہ شریک تھے، اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ایوان صدر کے مطابق پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے مشترکہ کمیٹی بنادی گئی ہے، حکومت اور پیپلز پارٹی کا وفد پی ٹی آئی قیادت سے موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کریگا۔
مشترکہ کمیٹی میں محسن نقوی، رانا ثنااللہ ، امیر مقام ، شیری رحمان شامل ہیں۔ مشترکہ کمیٹی میں نوید قمر اور اعجاز جکھرانی بھی شامل ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ملک میں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق صدر اور وزیر اعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک کے امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان معثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے بات چیت کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
