ہومپاکستانحکومت مدت پوری کریگی، میں وزیر خارجہ نہیں بن رہا، محسن نقوی کی غیر رسمی گفتگو

حکومت مدت پوری کریگی، میں وزیر خارجہ نہیں بن رہا، محسن نقوی کی غیر رسمی گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے پاکستان کے پہلے اکنامک سمٹ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا سے جتنے مرضی تعلقات اچھے ہو جائیں لیکن ملکی نظام ٹھیک نہ ہو تو فائدہ نہیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بارہا کہا ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نظام کو بہتر بنانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو بھی نظام بہتر کرنے میں اکٹھا ہونا پڑے گا، اس نظام کو بہتر بنائے بغیر اب گزارا نہیں، اس وقت ہر سیاسی جماعت صرف اپنے بارے میں سوچ رہی ہے۔ محسن نقوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں صدارتی نظام کی بات بھی نہیں کر رہا حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، میں وزیر داخلہ ہی رہوں گا وزیر خارجہ بننے نہیں جا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم آفس میں بھی ایک فائل ٹائم پر نہیں ہو پاتی، ایک فائل کو 4 سے 5 جگہوں پر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اختیارات ہمیں نچلی سطح پر دینے ہوں گے۔عمران خان کی رہائی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے محسن نقوی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلہ عدالتیں کریں گی۔ آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ کشمیر کا معاملہ کشمیری حکومت دیکھ رہی ہے اس میں میرا کوئی عمل دخل نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔