اسلام آباد:(سب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو کامیاب ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے بروقت اور کامیاب آپریشن کے ذریعے سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کیا۔ انہوں نے آپریشن میں شامل پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشتی پر سوار تمام 19 افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، کو محفوظ طریقے سے بچانا قابلِ ستائش کارنامہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں نے ریسکیو کیے گئے افراد کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور طبی امداد بھی فراہم کی، جو ہماری مسلح افواج کی انسانی ہمدردی، جذبۂ خدمت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت کا عملی ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم، صلاحیت اور ہر وقت تیار رہنے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے تمام افسران اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
